بھٹکل 17/جنوری (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں مشہورہنگایو آئسکریم اور کرشنا مِلک پرائیویٹ لمیٹیڈکے چیر مین پُتّوکے والد مہا لپّا ہنومنتا پائی (88سال) کیروتّی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے۔وہ رایا کے نام سے معروف تھے۔ وہ ہندوسماج کے گوڈ سرسوتی برہمن(جی ایس بی) سے تعلق رکھتے تھے۔
اپنے بیٹے پُتّو اور ستیش کے ساتھ دودھ کے کاروبار میں قدم رکھنے سے قبل رایا کے والدہنومنتا کے زمانے سے بھٹکل میں اناج کا کاروبار چل رہاتھا۔ ہنومنتا کی دکان بھٹکل بازار میں اناج اور غلّہ کا ایک مشہور مرکز تھی۔ ہنومنتا کے انتقال کے بعد بھی رایا اور ان کے بھائی یہ کاروبار چلاتے رہے۔ پھر ان لوگوں نے کیروتّی میں دودھ کے کاروبار کے لئے نقل مکانی کی اورپورا خاندان وہیں پر مقیم ہوگیا۔
مہالپّا عرف رایا ایک ہنس مکھ اور ملنسار شخصیت کے حامل تھے اور سماجی اداروں اور مندروں کی انتظامیہ سے جڑے ہوئے تھے۔ان کی نعش آبائی وطن بھٹکل لائی گئی اور یہیں آخری رسومات انجام دی گئیں۔ اس موقع پر جی ایس بی سماج کے دیگر طبقات کی معزز شخصیات کے ساتھ ساتھ کئی مسلم کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔جی ایس بی طبقے والوں نے شام کوآخری رسومات کے موقع پر اپنی دکانیں اور کاروبار بندرکھتے ہوئے مہالپّا رایا کو خراج عقیدت پیش کیا۔